لاہور(خبرنگار)پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن (PEF) کے زیرِ اہتمام اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر ایک شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبائی وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔منیجنگ ڈائریکٹر پیف شاہد فرید نے اپنے خطاب میں کہا کہ اساتذہ قوم کے معمار ہیں، انہی کی محنت سے تعلیم کی عمارت مضبوط بنیادوں پر کھڑی ہے۔ وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا کہ اساتذہ قوم کے روشن چراغ ہیں جن کی رہنمائی سے نسلیں پروان چڑھتی ہیں۔ اساتذہ کی محنت اور عزم سے صوبے کا تعلیمی نظام تیزی سے بدل رہا ہے۔ وزیرِ تعلیم نے کہا کہ استاد چاہے سرکاری ہو یا نجی، دونوں یکساں عزت و تکریم کے مستحق ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ بورڈ میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کے 22 اساتذہ کو ایک لاکھ روپے فی کس کیش انعام دیا جائے گا، جبکہ 50 ٹاپ پرفارمنگ اساتذہ کو 50 ہزار روپے فی کس انعام دیا جائے گا۔ مزید برآں، پیف اور پیما کے 100 بہترین اسکولوں کو دس، دس لاکھ روپے کیش انعام دینے کا بھی اعلان کیا گیا۔