لاہور (خصوصی رپورٹر)شہر میں تیز آندھی اور طوفانی بارش کے بعد شاہراؤں گلی محلوں کی کلیئرنس کے لیےصفائی ٹیمیں متحرک رہیں۔سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین کی ہدایت پر شہر بھر میں مینوئل سویپنگ کے بعد مکینیکل سویپنگ اور واشنگ کا عمل مکمل کیا گیا جبکہ کینال روڈ، جیل روڈ، مال روڈ سے درختوں کی شاخیں اور پتے ہٹانے کا عمل یقینی بنایا گیا۔وحدت روڈ، فیروزپور روڈ، گلبرگ، لبرٹی چوک پر بھی صفائی عملہ ڈیوٹی پرموجود رہا۔ڈیوس روڈ، اسمبلی چوک، جی پی او چوک اور داتا دربار کے اطراف بھی صفائی آپریشن جاری رہا۔اس حوالے سے سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کے ویژن ستھرا پنجاب کے مطابق لاہوریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہی اولین ترجیح ہے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے چھٹی کے روز بھی ایل ڈبلیو ایم سی افسران اور عملہ فیلڈ میں صفائی انتظامات یقینی بنانے کے لیے موجود رہے۔