• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مہنگائی کا جن قابو کر کے عوام کی زندگیوں میں آسانیاں لائینگے، عمران نذیر

لاہور ( جنرل رپورٹر )مہنگائی کا جن قابو کر کے عوام کی زندگیوں میں آسانیاں لائیں گے-ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والا پنجاب کی ترقی اور خوشحالی کے گن گا رہا ہے-دوسرے صوبے کے لوگ کہتے ہیں مریم نواز جیسا وزیر اعلی انہیں بھی ملے-ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے اتوار کے روز یہاں پی پی 150 میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے افتتاحی جلسہ سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایم این اے شائستہ پرویز ملک تقریب میں موجود تھیں- جلسہ میں اہل علاقہ کی بڑی تعدادنے شرکت کی- صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب کا وعدہ تھا کہ پنجاب میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دیں گی،یہ وعدہ الحمدللہ پہلے ہی سال وفا ہوا- انہو ں نے کہاکہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ہر گلی ہر محلے، ہر ضلع، ہر شہر میں کام ہوتا نظر آ رہا ہے-وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی قیادت میں اس صوبے کو پاکستان کا مثالی صوبہ بنائیں گے- انہوں نے کہا کہ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام میں صوبائی دارلحکومت کی ہر گلی اور سڑک کی تعمیر شامل ہے اس لئے لاہور کے شہری بے فکر رہیں حکومت ان کے مطالبات سے آگاہ ہے۔ خواجہ عمران نذیر نے کہاکہ ایک جماعت نے شعور اور تبدیلی کے نام پر لوگوں کو بیوقوف بنایا-پاکستان کو ڈیفالٹ کے دھانے تک لے جانے والے آج کس منہ سے ترقی اور خوشحالی کی باتیں کر رہے ہیں -اپنی حکومت کے آخری دن تک اس جماعت کی یہی خواہش تھی کہ یہاں بھی سری لنکا جیسے حالات ہوں -
لاہور سے مزید