راولپنڈی ( خبر نگار خصوصی)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں گزشتہ روز بارش کا سلسلہ جاری رہا جس کے باعث شہر کی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں جبکہ نشیبی علاقے بھی زیر آب آگئے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کی پشین گوئی پر واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسی واسا راولپنڈی ہائی الرٹ رہا اور نکاسی آب کےلئے اپنی خدمات پیش کیں اور شہر کے نشیبی علاقوں میں واسا کا عملہ ہیوی مشینری کے ساتھ تعینات رہا۔ اس حوالے سے منیجنگ ڈائریکٹر واسا محمد سلیم اشرف کا کہنا تھا کہ انڈر پاس کمیٹی چوک اور مری روڈ پر عملہ سارا دن ہیوی مشینری کے ساتھ نکاسی آب میں مصروف عمل رہا۔انہوں نے کہا کہ شہر بھر کے نالوں اور نالہ لئی کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے تاہم ابھی نالہ لئی میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔