راولپنڈی (خبر نگار خصوصی) راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر عثمان شوکت کی قیادت میں وفد نے پیرا فورس راولپنڈی سٹی انچارج محمد عرفان سے گزشتہ روز ملاقات کی۔ سینئر نائب صدر خالد فاروق قاضی، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران نوید کنول، کامران سعید , عیاد افضل شیخ بھی وفد میں موجود تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر چیمبر عثمان شوکت نے کہا کہ شہر کو تجاوزات سے پاک کرنے اور پرائس کنٹرول کے حوالے سے پیرا فورس کے اقدامات کو سراہتے ہیں اور تعاون کے لیے تیار ہیں، تجاوزات سے بازاروں اور مارکیٹوں میں کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو تی ہیں۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ بازار میں پیرا فورس کاروائی کے وقت وہاں کی تاجر یونین کو ساتھ رکھا جائے، تاکہ کاروائی موثر انداز میں ہواور کسی سے زیادتی نہ ہو۔