اسلام آباد (نیوز رپورٹر) اسلام آباد میں پارک روڈ پر قائم سی ڈی اے ماڈل نرسری"گارڈینیا حب" کے مقام پر پھولوں کی نمائش ہفتہ کے روز جاری رہی ۔شہریوں نے گُل داؤدی اور موسم خزاں 2025 کے پھولوں کی نمائش میں گہری دلچسپی لی۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ممبر ایڈمن طلعت محمود، ممبر انوائرمنٹ اسفندیار بلوچ، ڈائریکٹر جنرل انوائرمنٹ اور انوائرمنٹ ونگ کے متعلقہ افسران کے ہمراہ نمائش کا دورہ کیا۔ ڈائریکٹر انوائرمنٹ اختررسول نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ "گارڈینیا حب" ماڈل نرسری کی اپ گریڈیشن کے بعد گُل داؤدی اور موسم خزاں 2025 کے پھولوں کی نمائش کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ "گارڈینیا حب" ماڈل نرسری کا شمار ایشیاء کی سب سے بڑی نرسریوں میں ہوتا ہے جسمیں 12 لاکھ سے زیادہ مختلف اقسام کے پودوں کو تیار کیا گیا ہے۔ "گارڈینیا حب" ماڈل نرسری کی اپگریڈیشن کے بعد گُل داؤدی اور موسم خزاں 2025کے پھولوں کا انعقاد انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ "گارڈینیا حب" میں نمائش کیلئے لاکھوں کی تعداد میں رنگ برنگے اور نایاب پھول، خاص طور پر گُل داؤدی اور موسم خزاں کے پھولوں کو نمائش میں پیش کیا جارہا ہے۔ اسی طرح اس نمائش میں ملک بھر سے لائے گئے مختلف اقسام کے رنگ برنگے پھول بھی نمائش کا حصہ ہیں۔ نمائش آج اتوار کو بھی جاری رہے گی۔