کراچی ( نصر اقبال/اسٹاف رپورٹر) بحرین میں ایشین یوتھ گیمز میں شرکت کے حوالے سے پی او اے اور پی ایس بی کے درمیان تنازع شدت اختیار کرگیا ۔ حکومت نے گیمز میں کھلاڑیوں کے سیلف فنانس کی بنیاد پر شرکت پر پابندی لگادی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق اپنے اخراجات پر کسی کھلاڑی یا آفیشلز کو گیمز کیلئے نہیں بھیجا جا سکتا۔ شرکت کیلئے وزارت خارجہ کی این اوسی لازمی ہے۔ وزارت خارجہ نے 53 کھلاڑیوں اور آفیشلز کو این اوسی جاری کی ہے۔ بغیر این او سی بحرین جانے والوں کو ایف آئی اے کی کاروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ وہ پاکستان کا نام اور قومی پرچم استعمال نہیں کرسکتے۔ اس صورت حال پر جمعرات کو لاہور میں پی او اے نے مشاورت کیلئے مختلف فیڈریشنوں کے حکام کو طلب کرلیا ہے، اس سے قبل کھلاڑیوں اور آفیشلز کو قوت بخش ادویات کو روکنے اور دیگر امور کے حوالے سے آگہی دی جائے گی۔ پی او اے کے حکام باہمی مشاورت کے بعد ایک وفد وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ سے ملاقات کرے گا۔