اسلام آباد( کامرس رپورٹر ) وفاقی وزیر خزانہ سینٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ چین کے دورے کے دوران 24 نئے مشترکہ منصوبوں پر دستخط کیے گئے جو سرمایہ کاری کے محاذ پر حاصل ہونے والی ٹھوس پیش رفت ہے، پاکستان کا ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب رواں مالی سال کے اختتام تک 11 فیصد تک پہنچنے کا ہدف ہے،پی آئی اے کی نجکاری آخری مراحل میں ہے، نجکاری کے پہلے مرحلے میں اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کی جائے گی اور پہلے مرحلے میں ہی متعدد پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی نجکاری کی منصوبہ بندی بھی ہے، رواں برس کےاختتام تک پانڈا بانڈ جاری کر دیاجائے گا، تمام سرکاری ادائیگیاں رواں مالی سال کے اختتام تک ڈیجیٹل کر دی جائیں گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایکومین بورڈ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، ایکومین بورڈ کے وفد نے بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جیکولین نووگراٹز کی قیادت میں وزیر خزانہ سے ملاقات کی ، وفد میں صدر و چیف سرمایہ کاری مسٹر پول کارسٹن سٹینڈیوڈ،اور چیف ایگزیکٹیوآفیسر ایکومین پاکستان ڈاکٹر عائشہ خان بھی شامل تھے جبکہ ایکومینز گلوبل بورڈ کے اراکین اور بین الاقوامی سرمایہ کار کیرن زہن پیٹرسن، ناتھن لاریل، میتھیو فلپ کوری، مرسی میانگ ٹیمبون، پول کارسٹن اسٹینڈیواد، کرسٹینا جین لجنگ برگ، جوآن کارلوس مورا یوریبی، شائزہ رضوی، کرسٹن ایم خان، آندرے ایم نیوی، ڈاکٹر آندرے خان۔ کاشف تھانوی اور ایم یاسر خان بھی وفد میں شامل تھے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ایکومین کی مسلسل مصروفیت اور پاکستان میں زراعت اور موسمیاتی تبدیلیوں پران کی توجہ کو سراہا۔