• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران کے حکم پر گنڈاپور فارغ، سہیل آفریدی نئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نامزد، نئی پالیسی اور نئی شروعات کرنی ہیں، سیکرٹری جنرل تحریک انصاف

پشاور(ارشد عزیز ملک) پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈا پور کو فارغ کرکے سہیل آفریدی کو صوبہ کا نیا وزیر اعلیٰ نامزد کردیا ہے، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نےاستعفیٰ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزارت اعلیٰ عمران خان کی امانت تھی اور انکے حکم پر امانت انکو واپس کرکے استعفیٰ دے رہا ہوں، سہیل آفریدی کو میری مکمل حمایت اور سپورٹ حاصل رہے گی، علی امین گنڈا پور اپنا تحریری استعفیٰ آج گورنر کو ارسال کرینگے جسکی منظوری کیساتھ ہی صوبائی کابینہ بھی از خود تحلیل ہوجائیگی جسکے بعد نئے وزیر اعلیٰ کا انتخاب ہوگا- سلمان اکرم راجا کا کہنا ہے کہ نئی پالیسی اور نئی شروعات کرنی ہیں، خیبرپختونخوا حکومت خود کو وفاق کی غلط پالیسیوں سے دور نہ کرسکی، عمران خان نے آج فوج پر بڑے حملے پر افسوس کیا اور کہا اس صورتحال کے ذمہ دار وزیراعلی ہیں، علی امین وفادار ساتھی ہیں، امید وہ کسی سازش کا حصہ نہیں بنیں گے، اب علیمہ خان کی جگہ نورین نیازی میڈیا سے بات کریں گی، بیرسٹر گوہر نے کہا پی ٹی آئی میں کوئی فاروڈ بلاک نہیں، صوبے میں دو تہائی اکثریت برقرار رہے گی۔ ذرائع کے مطابق رات گئے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کا استعفیٰ گورنر ہائوس کو موصول ہوگیا، قبل ازیں رات گئے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت اجلاس میں جس نامزد وزیراعلیٰ سہیل آفریدی، صوبائی وزراء مینا خان ، خلیق الرحمان نے شرکت کی، اس موقع پر سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، علی امین گنڈا پور نے نامزد وزیراعلیٰ کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا فیصلہ قبول ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز تحریک انصاف کے قائدین اور وکلا نے اڈیالہ جیل میں عمران خان کیساتھ ملاقات کی جہاں جیل کے باہر بشریٰ بی بی کے وکیل سلیمان اکرم راجا نے میڈیا کے سامنے دعویٰ کیا کہ عمران خان نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈا پور کو وزارت اعلیٰ سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تحریک انصاف کے رکن خیبر پختونخوا اسمبلی سہیل آفریدی نئے وزیر اعلیٰ ہونگے۔ بعد ازاں تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے میڈیا سے گفتگو میں تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بانی چیئرمین عمران خان نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کو عہدہ سے ہٹانے اور نوجوان ایم پی اے سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ نامزد کرنے کا حکم دیا ہے،سلمان راجہ نے کہا کہ یہ عمران خان کا فیصلہ ہے جسکا پس منظر بھی بیان کیا گیا، خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کی بدترین صورتحال ہے، آج اورکزئی میں ہمارے جوان اور افسر شہید ہوئے، خیبرپختونخوا حکومت کو کہا گیا کہ وفاق کی غلط پالیسی سے خود کو دورے کرے، آج عمران خان نے خیبر پختونخوا میں فوج پر بڑے حملے پر دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ علی امین گنڈاپور اس صورتحال کے ذمہ دار ہیں اور وہ سمجھتے ہیں علی امین کو مزید اس عہدے پر نہیں رہنا چاہیے، سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ جس طرح افغان شہریوں کو بے دخل کیا گیا اسکی ضرورت نہیں تھی، بلاول بھٹو سوا سال وزیرخارجہ رہے ایک بار بھی افغانستان نہیں گئے، خیبرپختونخوا حکومت خود کو وفاق کی غلط پالیسی سے دور نہ کرسکی،ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کو ختم کرنے کا ایک ہی طریقہ ہے بیٹھ کر مذاکرات کریں، توقع ہے کہ سہیل آفریدی وفاقی حکومت کی رہنمائی کرینگے اور سمجھائیں گے کہ ہم نے اپنے لوگوں کے جان و مال کی حفاظت کرنی ہے۔ سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ عمران خان نے علی امین گنڈاپور کو استعفیٰ کا حکم دیا کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ علی امین کیلئے بھی بہتر ہے کہ یہ عہدہ اب چھوڑ دیں، ہم نے ایک نئی پالیسی کا اعلان اور نئی شروعات کرنی ہے۔سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ کوئی دشواری نہیں ہوگی، علی امین استعفیٰ دینگے اور اسمبلی سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ منتخب کرلے گی۔ بعدازاں عمران خان کے احکامات کی روشنی میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے استعفیٰ دیتے ہوئے کہا کہ وزارت اعلیٰ عمران خان کی امانت تھی اور انکے حکم پر امانت ان کو واپس کرکے استعفیٰ دے رہا ہوں۔ہم بانی چیئرمین عمران خان کی رہائی اور پارٹی پالیسی کیلئے ایک ہو کر آگے بڑھیں گے۔

اہم خبریں سے مزید