کراچی( افضل ندیم ڈوگر) ایک سال کے دوران کراچی میں بھتے کے 118مقدمات رپورٹ ہوئے۔ پولیس حکام کے مطابق ان کیسز میں سے صرف 36 مقدمات اصل الزامات پر مشتمل تھے جن میں بھتہ طلب کیا گیا۔ باقی 82 مقدمات ایسے تھے جو مختلف گروپوں، اداروں یا افراد کے باہمی لین دین کے تناظر میں درج کرائے گئے تھے۔ بھتہ کے اصل 36 مقدمات میں سے 16 میں لیاری گینگ وار کے ملزمان ملوث پائے گئے۔ پولیس حکام کے مطابق ان 16 میں سے 12 مقدمات کو حل کرلیا گیا۔ ان کیسز میں ملوث 4 ملزمان پولیس مقابلے میں مارے جاچکے جبکہ 3 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔ حکام کے مطابق بیشتر کیسز میں کسی مدعی نے تاحال بھتہ نہیں دیا صرف مختلف ملزمان نے فون کالز کے ذریعے دھمکیاں دے کر بھتہ طلب کیا یا کچھ واقعات میں مدعیان کی پراپرٹیز فائرنگ کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔