کراچی (نیوزڈیسک) امریکا کی پاکستان کو میزائل فروخت پر کانگریس نے مودی کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔ کانگریسی رہنما کا کہنا تھا اقدام حکومت کی ناکام خارجہ پالیسی کا نتیجہ ہے اور ظاہر ہواسفارتی ناکامیاں کتنی تیزی سے بڑھ رہی ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کانگریس نے امریکا کی جانب سے پاکستان کو ری تھیون کمپنی کے تیار کردہ AIM-120ایئر ٹو ایئر میزائل دینے کے فیصلے پر نریندر مودی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس کے جنرل سیکریٹری جے رام رمیش نے ایکس پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام مودی حکومت کی ناکام خارجہ پالیسی کا نتیجہ ہے اور ظاہر کرتا ہے کہ "سفارتی ناکامیاں کتنی تیزی سے بڑھ رہی ہیں"۔ انہوں نے بتایا کہ 7 مئی 2025 کے امریکی نوٹیفکیشن میں پاکستان کا نام شامل نہیں تھا، لیکن 30 ستمبر کو جاری نئی فہرست میں اسے قطر، عمان، سعودی عرب، اسرائیل اور ترکی کے ساتھ شامل کرلیا گیا۔