کراچی( اسٹاف رپورٹر)اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈووکیٹ کی دعوت پراپوزیشن چیمبر میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مختلف سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے سیف الدین ایڈووکیٹ نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کی کونسل کا اجلاس فوری بلانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ عوامی مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ بلدیاتی نمائندوں کو ان کے اختیارات دے کر ہی شہر کے مسائل حل کئے جا سکتے ہیں۔کراچی کے شہری واٹر کارپوریشن، سولڈ ویسٹ کی خراب کارکردگی سے پریشان ہیں،مرتضی وہاب بطور مئیر دونوں اداروں کے سربراہ ہیں، میئر کو واٹر کارپوریشن اور سالڈ ویسٹ کے حوالے سے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ موجودہ بلدیاتی نظام اپنی مدت کا نصف دور مکمل کرچکا ہے لیکن یونین کمیٹی کے چیئرمینز کو اب بھی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے سنگین مسائل کا سامنا ہے۔