اسلام آباد ( افضل بٹ) وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق کو نئے بحران کا سامنا ، پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی انچارج فریال تالپور نے اہم اجلاس 10 مئی بروز جمعہ کراچی میں طلب کرلیا ہے، پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر کی وزارت عظمی کا امیدوار نامزد کر دیا تو چوہدری انوارالحق کے پاس مستعفی ہونے کے سوا کوئی راستہ نہیں بچے گا۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے اراکین اسمبلی کے علاوہ سابق وزیر اعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف اور سابق وزیر امور کشمیر قمر زمان کائرہ کو بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز پیپلز پارٹی پارلیمانی گروپ اور مسلم لیگ ن پارلیمانی گروپ نے الگ الگ اجلاس میں حکومت سے علیحدگی کا فیصلہ کر لیا ہے جبکہ پیپلز پارٹی کی حکومت سے علیحدگی صدر آصف علی زرداری اور مسلم لیگ ن کی علیحدگی وزیر اعظم میاں شہباز شریف کی توثیق سے مشروط ہے ، علاوہ ازیں قانون ساز اسمبلی کے 12 مہاجرین اراکین اسمبلی نے بھی پارٹی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر وزیر اعظم انوارالحق کی حکومت سے علیحدگی کا اعلان کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ان حالات میں پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے کراچی اجلاس میں اگر کسی رکن کو وزارت عظمی کا امیدوار نامزد کر دیا گیا تو چوہدری انوارالحق کے پاس مستعفی ہونے کے سوا کوئی راستہ نہیں بچے گا ۔