اسلام آباد ( طاہر خلیل ) پاکستان اور سعودی عرب نے کرپشن ،منی لانڈرنگ اور غبن شدہ اثاثوں کی ریکوری کیلئے تعاون کو مضبوط بنانے کیلئے ایک معاہدے پر دستخط کر دیئے ہیں ۔ سعودی عرب کے ادارے نزاہہ اور پاکستان کے قومی احتساب بیورو کے مابین اس ضمن میں ایک مفاہمتی یاداشت پر دستخط کر دیئے گئے ہیں ، جس پر سعودی عرب کی نگران اتھارٹی نزاھہ کے صدر عزت مآب مازن بن ابراہیم الخموس، اورنیب کے چیئرمین، لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے دستخط کیے۔یہ معاہدہ سعودی عرب میں 8 سے 9 اکتوبر 2025ء تک منعقد ہونے والے "ایسٹ ریکوری انٹر ایجنسی نیٹ ورک برائے مینا ریجن"کے افتتاحی سیشن کے دوران کیا گیا۔اس معاہدے کے تحت، دونوں اداروں نے بدعنوانی اور منی لانڈرنگ سے متعلق معلومات کے تبادلے کے ذریعے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔