• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی چیمپئن سے ٹکر، میچ پریکٹس کا فقدان پاکستان کیلئے تشویش، پہلا ٹیسٹ کل شروع

کراچی (اسٹاف رپورٹر)عالمی چیمپئن جنوبی افریقا کے درمیان ٹیسٹ سیریز میں پہلا ٹاکرا اتوار سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شروع ہوگا، دونوں ٹیمیں 2025-27 ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سائیکل کا بھی آغاز کرینگی ۔ پاکستان نے فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ، قائد اعظم ٹرافی کو سیریز سے پہلے اپنے ٹیسٹ کھلاڑیوں کو میچ پریکٹس فراہم کرنے کیلئے شروع کیا تاہم سیریز کے آغاز سے قبل بارش کے سبب اس کا صرف ایک راؤنڈ ممکن ہوسکا۔ اس طرح ہوم سائیڈ تقریباً بغیر میچ پریکٹس میدان میں ہوگی۔ پچھلے سائیکل کے فاتح ٹیم آخری نمبر پر رہنے والی پاکستان کا مقابلہ کررہی ہے۔ پاکستان کیلئے یہ جنوری کے بعد پہلی ٹیسٹ سیریز ہے۔ ممکنہ طور پر میزبان ٹیم ٹیسٹ میں 2 ریگولر فاسٹ بولرز اور 2 اسپنرز کے ساتھ جانے پر غور کررہی ہے، عبوری ہیڈ کوچ اظہر محمود اسپنر آصف آفریدی کی بولنگ سے متاثر اور ان کے ڈیبیو کے حق میں ہیں۔ 38 سالہ آصف اسپن اٹیک میں ساجد خان کاساتھ دینے کیلئے مضبوط دعویدار ہیں، فاسٹ شاہین آفریدی، نعمان علی اور خرم شہزاد بھی اسکواڈ کا حصہ ہونگے ۔ ذرائع کے مطابق ممکنہ پلیئنگ الیون کیلئے عبداللہ شفیق، امام الحق، شان مسعود، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان علی آغا، ساجد خان زیر غور ہیں۔ عبداللہ شفیق، امام الحق اوپنرز ہونگے۔ شان مسعود اور بابر اعظم تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہونگے۔ مڈل آرڈر سعود شکیل، وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان اور سلمان علی آغا پر مشتمل ہوگا۔ کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم مزید میچز کھیلنے کا راستہ تلاش کرے گی۔ عبوری ہیڈ کوچ اظہر محمود کا کہنا ہے کہ قذافی اسٹیڈیم کی پچ اسپن ضرور کرے گی مگر اتنی نہیں جتنی انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں ہوئی تھی، ہم مضبوط حریف کے خلاف ہوم کنڈیشنز سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے پرعزم ہیں ۔ پچ کا معائنہ کرنے کے بعد حتمی ٹیم کا انتخاب ہوگا۔ پاکستان ٹیم نے کوچز کی نگرانی میں جمعے کو قذافی اسٹیڈیم میں 3 گھنٹے تک پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔ کھلاڑیوں نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی بھرپور مشقیں کیں۔ بیٹنگ کے دوران مختلف کمبی نیشنز آزمائے گئے، اوپنرز نے نئی گیند پر شاٹ کی خصوصی مشقیں کیں ۔ اسپنرز نے پچ کے دونوں اینڈز سے بولنگ کی۔

اسپورٹس سے مزید