کراچی (شکیل یامین کانگا /اسٹاف رپورٹر) پاکستان میں اسنوکرکے کھیل کو پہچان دینے والے پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کے سابق صدر علی اصغر ولیکا طویل علالت کے بعد 78 سال کی عمر میں جمعہ کو کراچی میں انتقال کر گئے۔ تدفین ہفتے کی صبح میوہ شاہ قبرستان میں ہوگی۔ وہ 1988 سے دو دہائیوں تک پی بی ایس اے کے صدر رہے۔ انٹرنیشنل بلیئرڈز اینڈ اسنوکر فیڈریشن کے سینئر نائب صدر اور ایشین کنفیڈریشن کے صدر سمیت کئی اہم عہدوں پر بھی خدمات انجام دیں ۔ ان کے دور میں 1994 میں محمد یوسف نے پہلی بار ورلڈ اسنوکر ٹائٹل جیتا۔ اصغر ولیکا پاکستان میں ایشین اور ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ کی میزبانی لیکر آئے اور دنیا میں پاکستان کا مثبت پیغام دیا۔ 1993 میں کراچی میں تاریخی 33 ملکی ورلڈ چیمپئن شپ کرائی ۔ انہوں نے کھیل کیلئے بڑی اسپانسر شپ حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔