کراچی (نیوز ڈیسک)مسلم آبادی میں اضافہ، امیت شاہ نے پاکستان اور بنگلہ دیش سے دراندازی کو ذمہ دار ٹھہرادیا۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک میں مسلمانوں کی آبادی پاکستان اور بنگلہ دیش سے دراندازی کی وجہ سے بڑھ رہی ہے۔ دہلی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امت شاہ نے کہا کہ ملک میں ووٹ ڈالنے کا حق صرف شہریوں کو ہی دستیاب ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کی آبادی میں 24.6 فیصد اضافہ ہوا ہے، جبکہ ہندوؤں کی آبادی میں 4.5 فیصد کمی آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ یہ اس لیے بتا رہے ہیں کیونکہ یہ شرح پیدائش کی وجہ سے نہیں ہوا بلکہ دراندازی کی وجہ سے ہوا ہے۔ اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ہندوستان کی تقسیم مذہب کی بنیاد پر ہوئی تھی، شاہ نے کہا کہ پاکستان ہندوستان کے دونوں اطراف میں بنایا گیا تھا، اور ان اطراف سے دراندازی ہوئی، جس کے نتیجے میں آبادی میں اس طرح کی تبدیلی آئی۔