کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ’نیا پاکستان ‘ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان نے ہر حربہ آزمایا تاکہ ریاست کو بلیک میل کیا جا سکے پشاور میں کی گئی پریس کانفرنس نے واضح پیغام دے دیا کہ کوئی فرد ریاست اور قومی سلامتی سے بالاتر نہیں یہ ایک ریڈ لائن ہے۔تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے کہا کہ پشاور میں آکر آپ کو بات وہ کرنی چاہیے جس کے پیچھے پورا خیبرپختونخوا کھڑا ہو ہمارے ادارے فوج اپنی عوام کے بغیر یہ جنگ نہیں لڑسکتے، تحریک انصاف اپنے شہداء کے ساتھ کھڑی ہے انسداد دہشت گردی کے لیے عمران خان کو اینگیج کرنا چاہیے اور فوج عوام کے بغیر یہ جنگ نہیں لڑ سکتی اس لیے اداروں اور سول قیادت میں ہم آہنگی ضروری ہے۔ سینئر اینکر پرسن طلعت حسین نے کہا کہ پشاور کا انتخاب محض سیاسی نہیں البتہ یہ واضح نشان دہی ہے کہ کسی فرد واحد کو خیبرپختونخوا کی عوام کی جان و مال یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔