• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ امن معاہدے پر دستخط کی تقریب، ٹرمپ، شہباز شریف سمیت عالمی رہنما شریک ہونگے

اسلام آباد ( نیوز رپورٹر)غزہ امن معاہدے پر دستخط کی تقریباآج مصر کے سیاحتی مقام شرم الشیخ میں ہوگی،امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اورپاکستانی وزیراعظم شہباز شریف سمیت دیگر عالمی رہنما شریک ہونگے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف مصر کے صدر عبد الفتاح السیسی اور امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دعوت پر آج 13 اکتوبر کو مصر کا دورہ کریں گے جہاں وہ شرم الشیخ امن سربراہی اجلاس میں شرکت اور غزہ میں جاری سنگین صورتحال کے خاتمے کے لیے طے پانے والے امن معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شامل ہوں گے ،نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور دیگر سینئر وزراء بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے ۔اتوار کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق شرم الشیخ امن سربراہی اجلاس اُن سفارتی کوششوں کا نتیجہ ہے جو گزشتہ ماہ اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس کے موقع پر نیویارک میں کی گئیں ۔23ستمبر کو امریکاکی زیر صدارت منعقد ہونے والے اجلاس میں پاکستان کے وزیرِ اعظم نے عرب و اسلامی ممالک مصر، اردن، قطر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا اور ترکیہ کے رہنماؤں کے ساتھ شرکت کی تھی، جس میں غزہ میں قیامِ امن کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا ۔ان ممالک نے بعد ازاں ایک مشترکہ اعلامیے میں صدر ٹرمپ کی امن کی کوششوں کو سراہا اور امریکا کے ساتھ مل کر ایک جامع اور پائیدار جنگ بندی کے حصول اور غزہ میں انسانی بحران کے خاتمے کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی سربراہی اجلاس میں شرکت پاکستان کی فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت اور ان کے جائز موقف کی تاریخی اور مستقل حمایت کی مظہر ہے۔

اہم خبریں سے مزید