اسلام آباد(جنگ رپورٹر)سپریم کورٹ کے آئینی بینچ میں ʼʼسپر ٹیکس کے نفاذ سے متعلق انکم ٹیکس آرڈیننس 2001کی دفعہ 4بی ‘‘کیخلاف دائر مقدمہ کی سماعت کے دوران جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ این ایف سی میں سیلز ٹیکس کے علاوہ بھی ٹیکسز لگ سکتے ہیں، جسٹس محمد علی مظہر نے استسفسار کرتے ہوئے کہاکہ کیاآخری تاریخ کے بعد ٹیکس نہیں لگ سکتا ؟ توفاضل وکیل نے کہاکہ مقررہ وقت کے بعد ٹیکس نہیں لگ سکتا ہے،جسٹس محمد علی مظہر نے کہاکہ آج تک یہ معاملہ واضح کیوں نہیں ہوسکا ، ہر بار یہ مسئلہ زیر بحث لایا جاتا ہے۔کیاآخری تاریخ کے بعد ٹیکس نہیں لگ سکتا ؟ سینئر جج ،جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں جسٹس جمال خان مندوخیل،جسٹس محمد علی مظہر،جسٹس سید حسن اظہر ر ضوی اورجسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل پانچ رکنی آئینی بینچ نے سوموار کے روز مقدمہ کی سماعت کی ، ٹیکس دہندہ کمپنیوں کے وکیل ،بیرسٹر فروغ نسیم کے دلائل جاری ہیں۔