کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگوکرتے ہوئے دفاعی تجزیہ کار لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد سعید نے کہا ہے کہ کوئی پاکستانی اور کوئی ذی شعور افغانی بھی نہیں چاہے گا کہ پاک افغان جنگ ہو،افغانستان کے باقی ہمسایوں کے ساتھ تعلقات بین الاقوامی آداب کے تحت لیکن وہ ہمارے ساتھ تعلقات کو اہمیت نہیں دیتے وہ چاہتے ہیں یہاں بغیر اجازت سفر کریں، تجارت کریں اور وہ جب جیسے چاہیں بارڈر کراس کرلیں۔پاکستان کہتا ہے دنیا کا کوئی بھی ٹرانزٹ ٹریڈ کا نفاذ کیا جائے۔میزبان شاہزیب خانزادہ نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے ساتھ جنگ بندی آج شام چھ بجے تک جاری رہے گی لیکن جنگ بندی کے موثر ہونے اور افغان طالبان کی نیت پر خدشات ہیں ۔ دفاعی تجزیہ کار لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد سعید نے کہا کہ 2021 میں طالبان کی حکومت کابل میں آئی تب سے ہی ہر سطح پر افغانستان سے بات کی جارہی تھی اور ا سکا نتیجہ نکلا یا نہیں وہ سب کے سامنے ہے۔ کتنے لوگ آئے کتنے چلے گئے یا کتنے مارے گئے بنیادی مسئلہ یہ ہے کہ افغانستان پاکستان سے متعلق کیا حکمت عملی رکھتا ہے اور پاکستان موجودہ حالات میں کیا حکمت عملی رکھتا ہے ۔