• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایٹمی صلاحیت، پاک بھارت جنگ کی گنجائش نہیں، طالبان حملے کرنے والی پراکسیز کو لگام ڈالیں، فیلڈ مارشل

اسلام آباد ( طاہر خلیل )آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھارتی فوجی قیادت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہےکہ ایٹمی صلاحیت کے حامل دونوں ممالک میں جنگ کی گنجائش نہیں ہے، طالبان پاکستان پر حملے کیلئے افغان سرزمین استعمال کرنے والی پراکسیز کو لگام ڈالیں، دھمکیوں سے خوفزدہ ہوں گے نہ دباؤ میں آئینگے، معمولی اشتعال انگیزی کا بھی فیصلہ کن جواب دینگے، کسی بھی ممکنہ کشیدگی کا بوجھ، جو پورے خطے اور اس سے آگے تباہ کن نتائج لا سکتا ہے، مکمل طور پر بھارت کے سر ہوگا، کوئی نیا تنازع شروع ہوا تو پاکستان اسکا جواب حملہ آوروں کی توقعات سے کہیں بڑھ کر دیگا، دوبارہ جارحیت کی تو بھارت کی جغرافیائی وسعت کا من گھڑت حفاظتی تصور ختم کر دینگے، نئی دہلی عالمی اُصولوں کے مطابق بنیادی مسائل حل کرے، دشمن عوام اور فوج میں دراڑ ڈالنے پر تلا ہے، جعلی خبروں اور غلط معلومات پر مشتمل ’’انفارمیشن ڈس آرڈر‘‘ کے ذرائع کا شکار نہ بنیں، پاکستان کشمیر پر اپنے اصولی مؤقف پر ثابت قدم ہے، غزہ میں قیام امن کیلئے پاکستان نے بے پناہ کوششیں کیں، حالیہ معاہدہ کے بعد توقع ہے کہ فلسطینی اپنے وطن میں امن سے رہ سکیں گے، چین کیساتھ اسٹرٹیجک تعاون پر مبنی دوستی پر فخر، امریکا کیساتھ بڑھتے تعلقات دوبارہ متحرک کرنا خوش آئند پیش رفت ہے۔ ان خیالات کا اظہار فیلڈ مارشل سید عاصم منیر (نشان امتیاز ملٹری، ہلالِ جرات ) ہفتہ کو یہاں پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آئوٹ پریڈ سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اپنے تاریخی اور غیر مبہم خطاب میں کہا کہ پاکستان ملٹری اکیڈمی کی پاسنگ آٹ پریڈ کا معائنہ کرنا میرے لیے انتہائی اعزاز اور باعث فخر ہے، میں بنگلہ دیش، عراق، مالی، مالدیپ، نائیجیریا، نیپال، فلسطین، قطر، سری لنکا اور یمن سے تعلق رکھنے والے کیڈٹس کو بھی اس عظیم ادارے سے تربیت مکمل کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ فیلڈ مارشل نے کہا کہ حالیہ آپریشن معرکہ حق/ بنیان مرصوص میں افواجِ پاکستان نے اپنی پیشہ وارانہ مہارت اور عزم سے دشمن کو شکست دیکر قوم کا اعتماد مزیدمستحکم کیا ہے، ازلی دشمن کیخلاف انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں کارروائیاں کرتے ہوئے رافیل طیاروں کو مار گرایا گیا، دشمن کی متعدد بیسز بشمول ایس-400سسٹمز کو نشانہ بنایا گیا اور پاکستان نے ملٹی ڈومین وارفیئر کی صلاحیتوں کا بھی بھرپور مظاہرہ کیا۔ فیلڈ مارشل نے کہا کہ بھارت نے جلد بازی میں الزام تراشی کی اور غیر جانبدارانہ تحقیقات سے گریز کیا، بھارت کا خود ساختہ شواہد پیش کرنا اس بات کی علامت ہے کہ بھارتی حکمران جماعت نے اپنے مذموم مقاصد کیلئے دہشت گردی کو سیاسی رنگ دیا۔ فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان نے عددی طور پر بڑے دشمن کے خلاف اپنی واضح فتح کی بدولت نہ صرف پاکستانی عوام بلکہ عالمی برادری کا وقار اور داد حاصل کی، نوجوانوں میں یہ اعتماد بھی مضبوط ہوا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج قومی طاقت کا ایک بنیادی ستون ہیں۔ فیلڈ مارشل نے کہا کہ وہ قوم کو یقین دلاتے ہیں کہ انشا اللہ، ہم اس مقدس سرزمین کا ایک انچ بھی دشمن کے حوالے نہیں ہونے دینگے۔ فیلڈ مارشل نے پاس آئوٹ ہونے والے کیڈٹس سے کہا کہ آپ شہدا کے وارث ہیں، اپنی زندگی کو ان کی قربانیوں کے شایانِ شان بنائیں۔

اہم خبریں سے مزید