اسلام آ باد ( نیو زرپورٹر)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بریسٹ کینسر دنیا بھر میں سب سے زیادہ تیزی سے پھیلنے والے امراض میں شامل ہے جس کی روک تھام کے لیے عالمی اور قومی سطح پر موثر اقدامات کرنا ناگزیر ہیں۔ اس مرض کی جلد تشخیص مریض کی مکمل صحتیابی کے امکانات کو روشن کر دیتی ہے تاہم پاکستان میں اس مرض کی دیر سے تشخیص ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔وزیر اعظم نے ان خیا لا ت کا اظہار بریسٹ کینسر آگاہی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اکتوبر کا مہینہ بریسٹ کینسر کی آگاہی کے طور پر منایا جاتا ہے بالخصوص 19 اکتوبر کا دن بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی کے لئےبین الاقوامی سطح پر متعین کیا گیا ہے۔ یہ دن بلا شبہ ہمیں یہ موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم اس مرض کی روک تھام، جلد تشخیص اور علاج کے لیے قومی سطح پر عزم کا اعادہ کریں۔