کراچی (اسٹاف رپورٹر) قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے تیسرے راؤنڈ کے تیسرے دن پشاور نے بہاولپور کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ راولپنڈی میں بہاولپور دوسری اننگز میں 261 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ افتخار احمد نےر 5 وکٹیں لیں۔ پشاور نے 114 رنز کا ہدف 2 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔ عامر برکی نے 71 رنز بنائے۔ عمران خان اسٹیڈیم میں فاٹا کی ٹیم دوسری اننگز میں 190 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔ محمد اصغر اور ثاقب خان نے چار چار وکٹیں حاصل کیں۔ کراچی بلوز کو296 رنز کا ہدف ملا، کھیل ختم ہونے پر اس نے4 وکٹوں پر 67 رنز بنائے تھے۔ ایبٹ آباد میں ملتان نے پہلی اننگز 551 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کردی۔ 20 سالہ عرفات منہاس پہلی فرسٹ کلاس سنچری اسکور کی اور 22چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 152 پر ناٹ آؤٹ رہے۔ فیصل آباد نے دوسری اننگز میں 5 وکٹوں پر 223 رنز بنائے تھے۔اسلام آباد میں ایبٹ آباد نے دوسری اننگز 314 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی۔ فخرزمان 74، احمد خان نے 57، یاسرخان 56 اور محمد بلال نے 54 رنز بنائے۔ اسلام آباد کو 524 رنز کا ہدف ملا ہے۔ کھیل ختم ہونے پر اس نے 2 وکٹوں پر234 رنز بنائے تھے۔ حمزہ وحید 112 پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ شامل حسین نے 81 رنز بنائے ۔ اسلام آباد میں سیالکوٹ نے دوسری اننگز 402 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی۔ محسن ریاض نے100ناٹ آئوٹ، محمد ہریرہ90، عاشرمحمود79 اور ایاز تصور نے 59 رنز بنائے۔ لاہور وائٹس نے 390 رنز کے ہدف کے جواب میں ایک وکٹ پر 18 رنز بنالیے ہیں۔