کابل (نیوزڈیسک )افغانستان کے وزیر دفاع ملامحمد یعقوب مجاہدنے پاکستان کی جانب سے بھارت پر عائد الزامات کو بے بنیاد قراردیتے ہوئے کہاہے کہ ہماری پالیسی کبھی بھی اپنی سرزمین کا استعمال دوسرے ممالک کے خلاف استعمال کرنے کی نہیں رہی ہے‘ ہم ایک آزاد ملک کے طور پر ہندوستان کے ساتھ تعلق قائم رکھتے ہیں اور انہیں اپنے قومی مفادات کے دائرے میں مزید مضبوط کریں گے۔ ساتھ ہی ہم پاکستان کے ساتھ اچھے پڑوسی کے تعلقات برقرار رکھیں گے۔ ہمارا مقصد تعلقات کو استوار کرنا ہے، کشیدگی پیدا کرنا نہیں ہے۔انہوں نے واضح کیاکہ افغانستان نے باہمی معاہدے اور عالمی ثالثوں کی درخواست پر دوحا مذاکرات میں شرکت کی تھی۔واضح رہے کہ پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا تھاکہ افغان طالبان ہندوستان کی جانب سے پراکسی جنگ لڑ رہے ہیں ۔الجزیرہ کو انٹرویو میں افغان وزیردفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان کے تمام الزامات بے بنیاد، غیر معقول اور ناقابل قبول ہیں۔وزیر دفاع نے یہ بھی کہا کہ اگر کوئی ملک افغانستان پر حملہ کرتا ہے تو وہ دلیری سے اپنی سرزمین کی حفاظت کریں گے۔ ساتھ ہی انہوں نے یاد دلایا کہ افغانیوں کی اپنے ملک کے دفاع کی ایک طویل تاریخ ہے۔