لاہور(جنرل رپورٹر)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ سعد رضوی کے نام پر95 بینک اکاونٹ،منقولہ و غیرمنقولہ جائیداد سیل کردی گئی۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہناتھاکہ کوئی مسجد کسی طور پر مسمار نہیں کی جا رہی، شیطانی و خرافاتی آئیڈیاز ٹی ایل پی کے ذہن میں آتے ہیں، مساجد و مدارس کا نظم و نسق محکمہ اوقاف کے زیر انتظام کیا جا رہا ہے،ٹی ایل پی کی مساجد حکومتی تحویل میں لی جا چکی ہیں ، 223 مدارس کی جیو ٹیگنگ کرلی گئی، والدین بچوں کو ٹی ایل پی کی سرگرمیوں سے بچائیں ورنہ ان پر دہشت گردی کے مقدمے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ کسی فرقہ، جماعت یا گروہ کے خلاف ایکشن نہیں، دہشت گرد سوچ کے خلاف ایکشن ہے، ٹی ایل پی کی مساجد حکومتی تحویل میں لی جا چکی ہیں اور 223 مدارس کی جیو ٹیگنگ کرلی گئی ہے، ٹی ایل پی کے 6 مدارس حکومتی زمین پر بنائے گئے جس کا کوئی ریکارڈ نہیں ہے۔ان کا کہنا تھاکہ سعد رضوی اور ان کے بھائی کو ٹریس کیا جارہا ہے بہت جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے، خود بھاگے ہوئے ہیں، لوگوں سے کہتے ہیں باہر نکل آئیں اور آگ لگائیں۔