• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گورنر خیبر پختونخوا کا پشاور ترنام فارم میں عالمی شہد مارکیٹ کا دورہ

پشاور(جنگ نیوز)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بدھ کے روز ترناب فارم پشاور میں عالمی شہد مارکیٹ کا دورہ کیااورشہد مارکیٹ میں تیار کی جانیوالی مختلف شہد کی اقسام کا معائنہ کیا۔مارکیٹ پہنچنے پرہنی بی ایسوسی ایشن کے صدر شیرزمان اور دیگر کاروباری شخصیات نے گورنر خیبرپختونخوا کاپرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا کو ہنی بی ایسوسی ایشن کے صدر شیر زمان نے شہد کے کاروبار، عالمی منڈیوں تک رسائی سے متعلق تفصیلات بتائیں اور قدرتی آفات سے شہد کے کاروبار کو پہنچنے والے نقصانات کے ازالہ کیلئے درخواست کی۔گورنرخیبرپختونخوا نے کہاکہ ترناب فارم میں واقع شہد کی مارکیٹ اندورون و بیرون ملک نہایت اہمیت کی حامل ہے، وفاق اور صوبائی حکومت کو شہد کے کاروبار، مکھیوں کی افزائش کیلئے جامع منصوبہ بندی تشکیل دینی چاہئے۔انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا میں تیار ہونیوالا شہد اپنے خاص و منفرد معیار سے دنیا بھر میں مقبولیت رکھتا ہے، صوبہ میں عالمی معیار کے مطابق شہد کی ٹیسٹگ و رجسٹریشن کی لیبارٹری کا قیام ضروری ہے۔انہوں نے اس بات پر زوردیاکہ مقامی شہد کو یورپ کی منڈیوں تک پہنچانے کیلئے اس کاروبار کو ترقی دینے کی اشد ضرورت ہے۔دریں اثناءگورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاکستان بارڈرز ٹریڈ کونسل (PBTC) کے نمائندہ وفد نے بدھ کے روز گورنرہاوس پشاور میں ملاقات کی۔وفد کی قیادت پاکستان بارڈرز ٹریڈ کونسل کے مرکزی چیئرمین اور خیبر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (KCCI) کے گروپ لیڈر سید جواد حسین کاظمی نے کی۔ملاقات میں طورخم بارڈر کی طویل بندش، دو طرفہ تجارت کی معطلی اور عوامی مشکلات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
پشاور سے مزید