پشاور (خصوصی نامہ نگار) سیکرٹری صحت خیبر پختونخوا شاہد اللہ خان نے کیٹیگری سی ہسپتال شبقدر چارسدہ کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کے دوران سیکرٹری صحت نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا تفصیلی جائزہ لیا جس میں ہسپتال میں بائیو میٹرک حاضری، شعبہ حادثات اتفاقیہ، میڈیکل وارڈ، آپریشن تھیٹر، ادویات سٹور ، ای پی آئی سنٹر، ڈینگی وارڈ اور او پی ڈی شامل ہیں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مریضوں کی عیادت کی اور فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں عوام سے آراء حاصل کی۔ سیکرٹری صحت خیبر پختونخوا شاہد اللہ خان نے مریضوں کو سہولیات کی عدم دستیابی اور صفائی کی ابتر صورتحال پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ سے ناقص کارکردگی کی رپورٹ طلب کر لی۔ سیکرٹری صحت نے ہدایت کی کہ عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائےگی۔