کراچی(عبدالماجد بھٹی) پاکستان کرکٹ بورڈ حکام ڈائریکٹر انٹر نیشنل کرکٹ آپریشنز کیلئے سابق کپتان مصباح الحق کی تقرری پر غور کررہے ہیں۔ تاہم مصباح الحق کے قریبی ذرائع دعوے کررہے ہیں کہ وہ یہ ذمے داریاں قبول کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔ کیونکہ انتظامی رول کے بجائے بلکہ کرکٹ ڈیولپمنٹ میں کام کرنا چاہتے ہیں۔ پیر کو انہوں نے اسلام آباد میں شاہین شاہ آفریدی کوون ڈے کپتان بنانے کی مشاورتی میٹنگ میں پی سی بی کے مدعو کرنے پر سابق کپتان سرفراز احمد کے ہمراہ شرکت کی تھی۔ پی سی بی نے عثمان واہلہ کو فارغ کرنے کا اصولی فیصلہ کرکے عہدہ مشتہر کرنے کے بعد چار نومبر تک درخواستیں طلب کی ہیں۔ سابق مصباح الحق اعلی تعلیم یافتہ ہیں اس لئے پی سی بی ان کی خدمات سے استفادہ کرنا چاہتی ہے۔ ان کے حتمی جواب کا انتظار ہے۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈاکٹر علی عدنان زیدی کا ڈائریکٹر کمرشل کی حیثیت سے تقرر کیا ہے۔ عہدہ کچھ عرصہ سے خالی تھا۔ وہ ایف بی آر میں ذمے داریاں نبھاچکے ہیں۔ ان کا نام پی سی بی کی ویب سائٹ پر موجود ہے۔ بورڈ کوجنرل منیجر کمرشل اورمنیجر پریکورمنٹ و کنٹریکٹس کی تلاش ہے۔ دونوں عہدوں کا اشتہار جاری کردیا گیا ہے۔