ملتان (سٹاف رپورٹر)نشتر ہسپتال ملتان میں ڈیوٹی کے اوقات میں موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی نشتر ہسپتال ملتان کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) ڈاکٹر راؤ امجد علی نے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس کے تحت ہسپتال کے تمام ملازمین (بی ایس 18 سے نیچے) کو ڈیوٹی اوقات کے دوران موبائل فون کے استعمال سے منع کر دیا گیا ہے۔ یہ اقدام سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کی جانب سے 9 اکتوبر کو ہسپتال کے سرپرائز وزٹ کے نتیجے میں اٹھایا گیا، جس کا مقصد ہیلتھ کیئر ڈیلیوری کے معیار اور ادارہ جاتی فعالیت کا جائزہ لینا تھا۔سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے دورے کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ ٹی بی ڈاٹ ریسیپشن کا عملہ ڈیوٹی کے اوقات میں موبائل فون استعمال کر رہا تھا، جو حکومت پنجاب کے سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی ہدایات کی صریح خلاف ورزی ہے۔