اسلام آباد( رانا غلام قادر/نیو زرپورٹر)وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف کی زیر صدارت ہونے والے قومی علماء مشائخ کونسل کے اجلاس کا نونکاتی اعلامیہ جاری کردیا گیا جس میں کہا گیا کہ انتہا پسندی، دہشتگردی، نفرت انگیز ماحول کو ختم کرنے کیلئے امت مسلمہ کے اتحاد، قومی یکجہتی اور امن کے حوالے سے اسلامی تعلیمات کو فروغ دیا جائے، پاک فوج کے شانہ بشانہ ہیں، ملک وملت کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے، بھارت اور افغانستان کی طرف سے وطن عزیز پر جارحیت کی مذمت، معرکۂ حق میں کامیابی پر وزیر اعظم، فیلڈ مارشل کو خراج تحسین پیش، یہ اجتماع بھارت اور افغانستان کی طرف سے وطن عزیز پر جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے، معرکۂ حق میں اللہ کے کرم سے شاندار کامیابی پر وزیر اعظم پاکستان، فیلڈر مارشل، مسلح افواج کے سربراہان، نوجوانان اور پوری قوم کو شاندار الفاظ پر خراج تحسین پیش کرتا ہے، پاکستان کے علمائے کرام اور مشائخ عظام اپنی پاک فوج کے شانہ بشانہ ہیں اور ملک وملت کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔ یہ اجتماع اس بات پر اتفاق رائے کرتا ہے کہ نماز اور زکوٰۃ کے نظام کو فروغ دینے کے لیے جس طرح ہفتہ سیرت منایا گیا، اسی طرح ہفتہ نماز اور ہفتہ زکوٰۃ بھی منایا جائے گا۔ خطباء واعظین اور ذاکرین اپنے اپنے خطبات میں متنازعہ اور اختلافی مسائل سے گریز کریں گے، کسی مسلک، فقہ یا مذہبی شخصیت کے خلاف نفرت انگیز، اشتعال انگیز یا تمسخر آمیز گفتگو سے مکمل اجتناب کیا جائے گا۔ عوام الناس کو یہ تعلیم دی جائے گی کہ حساس مذہبی معاملات میں فیصلے اور عدالتی کارروائیاں صرف اداروں کا اختیار ہیں، کسی شخص، گروہ کو خود یہ فیصلہ یا اقدام کا حق حاصل نہیں ۔فتویٰ اور شرعی فیصلے صرف مستند، معروف اور مجاز دینی ادارے یا دار الافتاء ہی دے سکتے ہیں، واعظین اپنے خطبات میں عوام کو قانون کی پاسداری، صبر اور نظم وضبط کی تلقین کریں گے اور انہیں اشتعال، بدگمانی اور تصادم سے دور رہنے کی ہدایت کریں گے۔خطبات وتقاریر میں اصلاح نفس، اجتماعی بھلائی، معاشرتی ذمہ داری، اخلاقی تربیت، تعلم، صحت، صفائی، ماحولیاتی تحفظ، خواتین اور بچوں کے حقوق اور انسانی خدمت جیسے موضوعات کو شامل کیا جائے گا۔ اسی طرح معاشرے کے موجودہ مسائل جیسے بے روزگاری، منشیات، جہالت، اخلاقی انحطاط اور معاشرتی بگاڑ پر اصلاحی پہلوؤں کے حوالے سے گفتگو کرینگے،نوجوان مرد وخواتین کے فکری اور ذہنی سوالات کا مدلل اور باوقار انداز میں احاطہ کیا جائے گا۔