• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صبح 4 بجے این آئی سی وی ڈی میں باری کا انتظار کیا، شرجیل میمن

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیرشرجیل انعام میمن نے کہاہے کہ ایک مرتبہ صبح چار بجے انہیں دل میں تکلیف ہوئی تو وہ این آئی سی وی ڈی پہنچے، جہاں سینئر وزیر ہونے کے باوجود انہیں اپنی باری کا انتظار کرنا پڑا۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ وہاں سب کے لئے ایک جیسا معیارِ خدمت ہے۔ سندھ حکومت نے این آئی سی وی ڈی کے کنٹینر یونٹس مختلف علاقوں میں قائم کئے ہیں تاکہ دل کے مریضوں کو فوری اور مفت علاج فراہم کیا جا سکے۔ صحت کے شعبے میں سندھ حکومت کے کام کا موازنہ کسی اور صوبے سے کیا جائے تو فرق خود واضح ہو جاتا ہے، اسی طرح گمبٹ میں گردوں اور پھیپھڑوں کے علاج کی مفت سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔وفاقی اور صوبائی حکومتیں درست سمت میں سفر کر رہی ہیں،گزشتہ سال آئی ایم ایف کی پابندیوں کے باعث کسانوں کو امدادی قیمت فراہم نہیں کی جا سکی، تاہم پیپلز پارٹی کے مطالبے پر وفاقی حکومت نے گندم کی سپورٹ پرائس کا تعین کیااگر کسان کو مناسب قیمت دی جائے گی تو وہ گندم کاشت کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے بدھ کوکورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی)کے دفتر کے دورے کے موقع پر کیا، جہاں ان کا استقبال کاٹی کے صدر اکرام راجپوت، سینئر نائب صدر زاہد حمید، اور دیگر عہدیداران نے کیا۔ اجلاس میں سندھ میں صنعتی ترقی، کاروباری ماحول کی بہتری، انفرااسٹرکچر کے مسائل، ٹرانسپورٹ سہولیات اور صنعتی زونز کو درپیش چیلنجز پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ سینئر وزیر نے بتایا کہ صدر زرداری نے اپنے دورہ چین کے دوران بڑے صنعتکاروں سے ملاقاتیں کیں اور یہ یقین دہانی کرائی کہ جو بھی صنعت لگائے گا، حکومت اسے مفت زمین فراہم کرے گی۔ یہی کامیاب سرمایہ کاری پالیسی کی اصل سمت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیرپور اکنامک زون کو عالمی سطح پر ایوارڈ ملا ہے، جو سندھ حکومت کے منصوبوں کی بین الاقوامی سطح پر پذیرائی کا ثبوت ہے۔
اہم خبریں سے مزید