اسلام آباد(جنگ رپورٹر)سپریم کورٹ آئینی بینچ میںʼʼسپر ٹیکس نفاذ سے متعلق انکم ٹیکس آرڈیننس 2001کی دفعہ4بی ‘‘کیخلاف دائر مقدمہ کی سماعت کے دورا ن جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت میں لوگ سالوں سے اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کررہے ہیں ، پاکستان میں بھی لوگوں کو سرمایہ بنکوں میں رکھنے کی بجائے اسٹاک مارکیٹ میں لگانا چاہیے ، سینئر جج ،جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں جسٹس جمال خان مندوخیل،جسٹس محمد علی مظہر،جسٹس سید حسن اظہر ر ضوی اورجسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل پانچ رکنی آئینی بینچ نے بدھ کے روز مقدمہ کی سماعت کی تواسٹاک مارکیٹ کمپنی کے وکیل مرزا محمود احمد نے دلائل پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم جنرل ٹیکس دے رہے ہیں، اگر بنکوں سے ادھار لے کر سرمایہ کاری کرتے ہیں تو ٹیکس دینے کے بعد نقصان ہوتا ہے۔