ملتان (سٹاف رپورٹر)ضلعی امن کمیٹی ملتان کا اجلاس ڈپٹی کمشنر وسیم حامد اور سی پی او صادق علی ڈوگر کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں جید علمائے کرام، تاجر برادری، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور امن کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔اجلاس میں شرپسندی، فرقہ واریت اور مذہبی منافرت کے خاتمے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر تفصیلی غور کیا گیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک دشمن عناصر کے عزائم کو ناکام بنانے کیلئے معاشرے کے تمام طبقات متحد ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی امن کمیٹی ملک و قوم کے استحکام میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔ ملتان کے شہریوں اور علمائے کرام نے ہمیشہ برداشت، رواداری اور بھائی چارے کی شاندار مثال قائم کی ہے۔