کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بلوچستان ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا اجلاس چیئرمین ڈاکٹر اشوک کمار کی زیر صدارت ہوا جس میں اراکین کمیٹی کلثوم نیاز بلوچ ، صفیہ فضل ، سیکرٹری اسمبلی طاہر شاہ کاکڑ ، اسپیشل سیکرٹری عبدالرحمٰن ، چیئرمین بلوچستان ڈیولپمنٹ اتھارٹی کیپٹن (ر) جاوید خان اور ایڈیشنل سیکرٹری قانون سعید اقبال نے شرکت کی اجلاس میں بلوچستان سیف اینڈ انوائر مینٹل ساؤنڈ ری سائیکلنگ آف شپس بل 2025 کے مسودہ قانون پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا اجلاس میں بتایا گیا کہ یہ بل شپ ری سائیکلنگ انڈسٹری کو عالمی معیار سے ہم آہنگ ، ماحولیاتی تحفظ اور گڈانی شپ ری سائیکلنگ یارڈ کو جدید تقاضوں کے مطابق ترقی دینے کے لیے ترتیب دیا گیا ہےپاکستان کی ہانگ کانگ کنونشن 2009 میں شمولیت کے بعد یہ قانون ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے کہ شپ ری سائیکلنگ کے موجودہ طریقہ کار کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنایا جائے بل کے نفاذ سے بلوچستان کی شپ ری سائیکلنگ انڈسٹری عالمی سطح پر مسابقتی ، ماحول دوست اور سرمایہ کاری کے لیے موزوں بن جائے گی کمیٹی اراکین نے بل پر تفصیلی مشاورت کے بعد اسے آئندہ اجلاس میں منظوری کے لیے پیش کرنے کی سفارش کی چیئرمین کمیٹی ڈاکٹر اشوک کمار نے کہا کہ ہم بلوچستان کے اداروں کو مضبوط بنانے اور صوبے کی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے مؤثر قانون سازی کر رہے ہیں ۔ عنقریب گڈانی شپ بریکنگ یارڈ کا دورہ کرکے زمینی حقائق کا جائزہ لیا جائے گا ۔