کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کو کرکٹ بورڈ میں ایک اور اہم ذمہ داری مل گئی، وہ قومی ٹیم کے ساتھ ساتھ بورڈ کی فیصلہ سازی ٹیم کا حصہ بن گئے۔ پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے انہیں کنسلٹنٹ انٹرنیشنل کرکٹ اینڈ پلیئرز افیئرز مقرر کیا ہے ۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے پاکستان اور جنوبی افریقی ٹیم کیلئے اسلام آباد میں عشائیے کے دوران اس متعلق اعلان کیا ۔ تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف نےبھی شرکت کی۔ اس سے قبل کرکٹ بورڈ نے ڈائریکٹر انٹرنیشنل عثمان واہلہ کو فارغ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس عہدے پر تقرری کیلئے اشتہار جاری کیا تھا۔بورڈ سابق کپتان مصباح الحق کی خدمات حاصل کرنا چاہتا تھا لیکن انہوں نے عہدے میں دلچسپی ظاہر نہیں کی۔ شان مسعود کی تقرری کو کرکٹ کے انتظامی ڈھانچے میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ 36 سا لہ شان مسعود نے 44 ٹیسٹ، نو ون ڈے اور 19 ٹی ٹوئنٹی میچز میں3108 رنز بنائے ہیں، جس میں چھ ٹیسٹ سنچریاں بھی شامل ہیں۔ شان نے 14 ٹیسٹ میں پاکستان کی کپتانی بھی کی ہے جس میں حال ہی میں جنوبی افریقا کے خلاف آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی دو میچوں کی سیریز بھی شامل ہے۔ ان کی قیادت میں پاکستان نے گزشتہ سال انگلینڈ کو 2-1 سے شکست دی تھی، 2005 کے بعد انگلینڈ کے خلاف ہوم سرزمین پر اس کی پہلی ٹیسٹ سیریز جیتی۔