اسلام آباد (مہتاب حیدر) ایف بی آر کا کہنا ہے کہ طورخم اور چمن پر 495 گاڑیاں سرحد پار کرنے کی منتظر ہیں 412 گاڑیاں چمن میں پھنس گئی ہیں، جبکہ باقی 83 گاڑیاں طورخم پر موجود ہیں، پاکستان اور افغانستان کے درمیان دو طرفہ تجارت سیکورٹی حکام سے منظوری ملنے کے بعد اسے دوبارہ شروع کیا جا سکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے جمعہ کے روز اعلان کیا کہ دو طرفہ تجارت کی معطلی سے قبل، کسٹمز حکام نے ناردرن ریجن آف اپریزمنٹ کے دائرہ اختیار میں آنے والی طورخم، غلام خان، خرلاچی اور انگور اڈا کی کراسنگز پر 363درآمدی گاڑیوں کو پراسیس کیا اور کلیئر کیا۔ طورخم کے مقام پر، 23 درآمدی گاڑیاں اب بھی کلیئرنس کے لیے زیر التوا ہیں کیونکہ درآمد کنندگان نے ’’گڈز ڈیکلریشن‘‘ فائل نہیں کی ہیں۔