• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، فنڈز میں خورد برد میں ملوث بی آئی ایس پی اہلکاروں سمیت 21 ملزمان گرفتار

کراچی( اسٹاف رپورٹر )ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل میرپور خاص نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے فنڈز میں خردبرد میں ملوث بی آئی ایس پی اہلکاروں سمیت 21 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔گرفتار ملزمان میں احسن علی، امر سنگھ، شہزاد علی، نعیم، گیان، خمیسو، امان اللہ، سفیر انور، کنور، جاوید علی، نارائن، جعفر علی، محمد بخش، جمن،عبدالحمید، رجب، کاشف علی، شاہنواز، سہیل ایوب، اشفاق حسین اور عبدالحمید شامل ہیں۔حکام کے مطابق گرفتار ملزمان شاہنواز، سہیل ایوب اور اشفاق حسین بی آئی ایس پی کے اہلکار ہیں۔ملزمان کو میرپورخاص میں واقع بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) سینٹر ناگوری ہال سے گرفتار کیا گیا۔چھاپے کے دوران ملزمان کے قبضے سے 9ڈیوائسز، 2سلیکون انگوٹھوں کے امپریشن، گلو گن مشین اور گلو بار برآمد ہوئے۔حکام نے بتایا کہ ملزمان بطور سب ایجنٹس اصل مالکان کی ڈیوائسز استعمال کر رہے تھے۔ملزمان کے قبضے سے 25 لاکھ 30 ہزار روپے برآمد کیے گئے ہیں۔ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار ملزمان بی آئی ایس پی فنڈز میں خوردبرد اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہیں اور ملزمان بی آئی ایس پی کے مستحقین کو رقوم کی ادائیگی کے عوض 1500 سے 2000 روپے فی کس کی غیر قانونی کٹوتی کر رہے تھے۔غیر قانونی کٹوتی کی رقوم بی آئی ایس پی کے افسران اور فرنچائز مالکان کو بھی بطور رشوت ادا کی جاتی تھی۔ملزمان کی جانب سے ادائیگی نہ کرنے کی صورت میں آئی ڈی کو بلاک کر دیا جاتا تھا۔ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے اور ملزمان کی نشاندہی پر مزید گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی۔
اہم خبریں سے مزید