اسلام آباد (نیوز رپورٹر) پاکستان اور ایران کے درمیان فیری سروس شروع کرنے کی تجویز، تجویز وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری نے ایران کی وزیر اربن ڈویلپمنٹ فرزانہ صادق سے ملاقات میں دی، ایرانی وزیر فرزانہ صادق کا پاکستان کی تجاویز کا خیرمقدم، نئے تجارتی راستوں کی تلاش کے مشترکہ عزم پر زور، پاکستان اور ایران نے دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان سڑک، ریلوے اور بحری رابطوں کو مضبوط بنا کر بلیو اکانومی میں تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ہے۔ وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری اور ایران کی وزیر برائے روڈز اینڈ اربن ڈویلپمنٹ فرزانہ صادق کے درمیان ایک اعلیٰ سطحی ملاقات کے دوران فریقین نے تجارت، سرمایہ کاری اور عوام سے عوام کے روابط کو فروغ دینے کے لیے علاقائی رابطوں کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے سمندری تجارت کو آسان بنانے، بندرگاہ کے بنیادی ڈھانچے کو ترقی دینے اور دونوں ممالک کو سمندری، زمینی اور ریل نیٹ ورک کے ذریعے جوڑنے والے لاجسٹک راستوں کو بہتر بنانے کے لیے مختلف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ محمد جنید انوارچوہدری نے پاکستان اور ایران کے درمیان فیری سروس شروع کرنے کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ زائرین اور تاجروں دونوں کے لیے ایک سستا اور موثر ٹرانسپورٹ متبادل فراہم کرے گی۔