اسلام آباد (نیوز رپورٹر، اسپورٹس رپورٹر) وزیراعظم محمد شہباز شریف کا جنوبی افریقہ کی مہمان کرکٹ ٹیم اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔وزیراعظم نے کہا کہ امید ہے پاکستان کرکٹ ٹیم ماضی کی طرح شاندار کھیل پیش کرے گی۔ وزیر اعظم نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد ہے۔وزیراعظم نے جنوبی افریقہ اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے گفتگو میں کہا کہ جنوبی افریقہ کے ساتھ مختلف سطحوں پر شاندار تعلقات ہیں اور کرکٹ بھی ان میں سے ایک ہے۔ جاری کرکٹ سیریز پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلوں کے گہرے تعلقات اور باہمی احترام کی علامت ہے۔ جنوبی افریقہ نے کرکٹ کے عظیم کھلاڑی پیدا کیے ہیں ۔ پاکستان کے کرکٹرز نے بھی اپنے عمدہ کھیل سے ملک و قوم کا نام دنیا بھر میں روشن کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کرکٹ محض ایک کھیل نہیں بلکہ مختلف ممالک کے عوام کو آپس میں جوڑنے کا سبب بھی ہے۔