اسلام آباد (افضل بٹ )صدر مملکت آصف علی زرداری کی طرف سے آزادکشمیر میں حکومت بنانے کے اعلان نے 24 گھنٹوں میں بازی پلٹ دی‘پی ٹی آئی فارورڈ بلاک کے تین گروپوں کے 10 ارکان اسمبلی کی زرداری ہاؤس میں فریال تالپور اورچوہدری ریاض سے ملاقاتیں‘پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان ‘ پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر حکومت بنانے کیلئے مطلوبہ27ارکان اسمبلی کا ہدف پورا کر لیا ‘پیپلز پارٹی کے ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے رکن اسمبلی سردار عتیق احمد خان اور جموں و کشمیر پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی سردار حسن ابراہیم خان نے بھی وزارت عظمی کیلئے ووٹ دینے کی یقین دہانی کرائی ہے جس کے بعد پیپلز پارٹی کو وزارت عظمی کیلئے 29 ووٹ مل سکتے ہیں‘گزشتہ رات صدر آصف زرداری نے کشمیر حکومت بنانے کا اعلان کرنے کے بعد سب سے پہلے وزیر اعظم شہباز شریف کو فون پر فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے انہیں اعتماد میں لیا اورکہا کہ آزاد کشمیر میں عدم استحکام کے خاتمے کیلئے مسلم لیگ ن سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو مل جل کر کام کرنا چاہئے ۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے آصف زرداری سے کہا کہ آزاد کشمیر امور کیلئے مسلم لیگ کی احسن اقبال ، رانا ثنااللہ اور امیر مقام پر مشتمل تین رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جو پیپلز پارٹی سے معاملات طے کرے گی۔ ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ کی کمیٹیوں کے درمیان مذاکرات کیلئے پیر کی رات ایوان صدر اسلام آباد میں اجلاس طلب کر لیا گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر حکومت بنانے کیلئے مطلوبہ27ارکان اسمبلی کا ہدف پورا کر لیا ہے‘آزاد کشمیر میں حکومت سازی کیلئے قانون ساز اسمبلی کے 53ارکان میں سے 27 کی حمایت ضروری ہے جبکہ گزشتہ رات تک پیپلز پارٹی کے پارلیمانی گروپ کے ارکان کی تعداد 17تھی لیکن پی ٹی آئی فارورڈ بلاک کے تین گروپوں کے 10ارکان اسمبلی کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کے بعد پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی کی تعداد 27 تک پہنچ گئی ہے‘ گزشتہ رات صدر آصف زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو نے پیپلز پارٹی آزاد کشمیر امور کی انچارج فریال تالپور اور چوہدری ریاض کو24گھنٹوں میں مطلوبہ 27ارکان اسمبلی کا ہدف پورا کرنے کا ٹاسک دیا جس پر عمل کرتے ہوئے فریال تالپور اورچوہدری ریاض نے اتوار کوپی ٹی آئی فارورڈ بلاک بیرسٹر سلطان گروپ کے پانچ وزراء سے ملاقات کی اور انہیں باضابطہ طور پر پارٹی میں شامل کر لیا جن میں بیرسٹر سلطان کے بیٹے یاسر سلطان اور کزن ارشد محمود ، سردار محمد حسین‘چوہدری اخلاق اور چوہدری رشید شامل تھے۔ بعد ازاں کوٹلی سے رکن اسمبلی اور وزیر ہائر ایجوکیشن ظفر اقبال ملک نے بھی زرداری ہاؤس میں فریال تالپور اور چوہدری ریاض کے ساتھ ملاقات کے بعد پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ دریں اثنا پی ٹی آئی فارورڈ بلاک کے چار مزید وزرا فہیم اختر ربانی، اکبر ابراہیم، عبدالماجد خان اور عاصم شریف بٹ نے بھی زرداری ہاؤس میں فریال تالپور اور چودھری ریاض سے ملاقات کے دوران پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا جس کے ساتھ ہی وزارت عظمی کیلئے مطلوبہ 27ارکان اسمبلی کا ہدف پیپلز پارٹی نے پورا کر لیا۔ علاوہ ازیں صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق صدر مملکت نے وزیر اعظم کو آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے عمل پر اعتماد میں لیا اور پیپلز پارٹی کی جانب سے حکومت سازی کیلئے کی گئی کوششوں پر بریف کیا ۔ انہوں نے وزارت عظمی کے الیکشن میں مسلم لیگ کا تعاون مانگا ہے۔