کراچی (اسٹاف رپورٹر)ناظم آباد میں اسکول وین میں آگ لگنے کے باعث وین ڈرائیور ، دو بہن بھائی سمیت 6بچے جھلس کر زخمی ہو گئے ، تفصیلات کےمطابق ناظم آباد نمبر 3قباء مسجد کے قریب گلی میں پیر کی صبح اسکول وین میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت اسکول وین میں سوار بچوں کو نکالا اور وین میں لگی آگ پرقابوپانے کی کوشش کی ، ڈرائیور اور بچوں کو پہلےعباسی شہید اسپتال پھر سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کیا گیا، جھلس کر زخمی ہونے والے بچوں میں داؤد مزمل،ایشال مزمل، زید نعمان،علی عدنان، ڈرائیور محمد شیراز و دیگر شامل ہیں ، سول اسپتال برنس وارڈ میں طبی امداد کے بعد تین بچوں کوفوری ڈسچارج کردیا گیا جبکہ 9سالہ ایشال زیرعلاج ہے،علاقہ مکینوں کے مطابق واقعہ صبح 7:30 سے 7:45کے درمیان پیش آیا، وین کے ڈرائیور کی کمر جھلس گئی، علاقہ مکین زخمی بچوں کو گود میں اٹھا کر اور موٹرسائیکل پر بیٹھا کر عباسی شہید اسپتال پہنچے،علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ اگر وہ بروقت نہ پہنچتے تو ایک بڑا سانحہ ہو سکتا تھا ،علاقہ مکینوں نے بتایا کہ اسکول وین میں گیس سلنڈر نصب نہیں تھا، آگ شارٹ سرکٹ یا پھر پیٹرول کی بوتل سے لگی ہے، پولیس کے مطابق اسکول وین کے مالک کو تھانے طلب کرلیا گیا ہے ممکنہ طور پر گاڑی گرم ہونے یا شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگی ہے۔پولیس نے بتایا کہ واقعہ کے بعد سے وین ڈرائیور غائب ہے جس کی تلاش جاری ہے۔