کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے حق پرست اراکینِ سندھ اسمبلی نے مطالبہ کیا ے کہ نوجوان عرفان کے بہیمانہ قتل میں ملوث تمام پولیس اہلکاروں کو بلا تاخیر گرفتار کرکے دہشت گردی ایکٹ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جائے اور انہیں ایک ماڈل کورٹ کے ذریعے کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے تاکہ صوبے میں آئینی حکمرانی اور قانون کی بالادستی قائم ہو سکے، انہوں نے کہا کہ وزیرِ داخلہ سندھ کا اس ضمن میں جوڈیشل انکوائری کا اعلان محض سیاسی ہتھکنڈہ اور عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے، ہم پیپلز پارٹی کی قیادت کو یہ انتباہ کرتے ہیں کہ وہ اپنے ماتحت پولیس کے ان مظالم پر خاموشی اختیار نہ کرے، پولیس گردی اور ماورائے آئین قتل کے واقعات کی پشت پناہی اور ملوث قاتلوں کو سیاسی تحفظ فراہم کرنے کی کوئی بھی کوشش سنگین نتائج کی حامل ہو سکتی ہے، ہم مظلوم خاندان کو انصاف دلوانے اور اس ظلم کے خلاف اپنی جدوجہد سڑکوں اور پارلیمنٹ میں پوری طاقت سے جاری رکھیں گے۔