کراچی (اسٹاف رپورٹر ) یلو لائن منصوبے میں رکاوٹ بننے پر پروجیکٹ ڈائریکٹر نے کے الیکٹرک کے خلاف سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا، دائر درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ کے الیکٹرک نیو جام صادق پل پر 11 کے وی بجلی کے پول کی دوبارہ تنصیب کی دھمکی دے رہا ہے، جس سے عوامی نوعیت کے اس منصوبے کی بروقت تکمیل خطرے میں پڑ سکتی ہے،درخواست گزارکے وکیل نے بتایا کہ کمپنی کراچی موبیلیٹی پروجیکٹ کے تحت نیو جام صادق پل (پیکیج 4) کی تعمیر کا کام کر رہی ہے، منصوبے کے دوران کے الیکٹرک کی 11کے وی لائن کا ایک پول پل کی تعمیر میں رکاوٹ بن رہا تھا، متعدد درخواستوں کے بعد ادارے نے پول ہٹایا لیکن اب 51کروڑ روپے کے مطالبے کے ساتھ اسے دوبارہ نصب کرنے کی دھمکی دی جا رہی ہے، درخواست گزار کے مطابق کے الیکٹرک نے ابتدائی طور پر نیٹ ورک کی منتقلی کے لیئے 19 کروڑ 62 لاکھ روپے کا تخمینہ پیش کیا تھا، جو بعد ازاں بغیر کسی تکنیکی جواز کے بڑھا کر 51 کروڑ روپے کردیا گیا،درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ کے الیکٹرک کا رویہ بدنیتی پر مبنی ، منصوبے کی بروقت تکمیل میں رکاوٹ ڈالنے کے مترادف ہے۔