کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے چیئرمین و وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ کشمیری عوام اور برصغیر کی تاریخ میں 27 اکتوبر کا دن ایک سیاہ باب ہے، ایم کیو ایم کشمیر کے حریت پسندوں کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ وہ ایم کیو ایم کے مرکز بہادرآباد پر کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے سلسلے میں منائے گئے’’ یوم سیاہ‘‘ پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔اس موقع پر سینئر مرکزی راہنماء نسرین جلیل، کہف الوریٰ، مرکزی راہنماء شبّیر قائم خانی،ارشاد ظفیر، مسعود محمود، شریف خان، انچارج سی او سی فرقان اطیب، مرکزی شعبوں کے ذمے داراور اراکین اسمبلی بھی موجود تھے۔ چیئرمین متحدہ نے کہا کہ کشمیر کی تقدیر کا فیصلہ کشمیریوں کا حق ہے، سرحدوں کے دونوں اطراف کشمیری عوام ہی اصل حق دار ہیں، پورا مقبوضہ کشمیر ایک جیل خانہ ہے، عالمی برادری کو مقبوضہ وادی میں بھارتی ظلم و جبر بند کرانے کے لئے کردار ادا کرنا ہو گا، پوری دنیا اس سفاکیت پر ایک بڑی مہم شروع کرے۔