کراچی( اسٹاف رپورٹر) جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی (جے ایس ایم یو) میں اسٹوڈنٹ کونسل اور کیریکٹر بلڈنگ سوسائٹی کے اشتراک سے آج "یومِ سیاہ" منایا گیا۔ اس دن کا مقصد بھارت کی جانب سے جموں و کشمیر کے انضمام کی مذمت اور کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار تھا۔ طلبہ، اساتذہ اور عملے نے کشمیری عوام کی تکالیف اور احتجاج کی علامت کے طور پر سیاہ لباس زیب تن کیا۔ اس موقع پر کشمیری عوام کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ جے ایس ایم یو کے وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا, "صحت اور انسانیت کے مستقبل کے محافظ ہونے کے ناطے، ہمارا فرض ہے کہ جہاں کہیں بھی ناانصافی ہو اس کے خلاف آواز اٹھائیں۔ ہم حقِ خودارادیت کے لیے اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔ کیریکٹر بلڈنگ سوسائٹی کی جانب سے کشمیر کے حالات پر مبنی ایک تھیٹر پرفارمنس بھی شرکاء کو دکھائی گئی۔تقریب سے رجسٹرار ڈاکٹر اعظم خان اور پرنسپل ایس ایم سی ڈاکٹر امبرین عثمانی نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے انتظامات ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افیئرز محترمہ زہرہ سیمین اور ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن جناب سہراب زمان نے کیے۔