اسلام آباد ( طاہر خلیل) ترکیہ کے شہر استنبول میں پاک افغان مذاکرات کاتیسرا روز ‘پاکستان طالبان حکومت کی جانب سے خوارج کی سرپرستی ختم کرنے کے اپنے مؤقف پر قائم رہا۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ استنبول میں جاری مذاکرات میں پاکستان نے افغان طالبان کی جانب سے دہشت گردوں کی سرپرستی کو نا منظور قرار دیا، پاکستانی وفد نے کہا کہ نظر آ رہا ہے کہ طالبان کسی اور ایجنڈے پر چل رہے ہیں اور یہ ایجنڈا افغانستان، پاکستان اور خطے میں استحکام کے مفاد میں نہیں‘مذاکرات میں مزید پیشرفت افغان طالبان کے مثبت رویے پر منحصر ہے‘دہشتگردی کے خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے پڑیں گے۔سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی مؤقف کے برعکس طالبان کے دلائل غیرمنطقی اور زمینی حقائق سے ہٹ کر ہیں‘ دونوں فریقین قابل تصدیق مانیٹرنگ میکانزم کو مزید مؤثر بنانے پر غور کر رہے ہیں، مذاکرات میں اس نظام کی تشکیل و عمل درآمد پر تفصیلی بات ہوگی۔