اسلام آباد (اسرار خان)کے الیکٹرک: نیپرا کا فیصلہ کراچی صارفین کے حق میں، حکومت کا فیصلے کا دفاع، وزارت توانائی نے نیپرا جائزے کو ملک کے ریگولیٹری فریم ورک کیلئے تاریخی سنگ میل قرار دیدیا۔ تفصیلات کے مطابق ناقدین کے سخت اعتراضات کے جواب میں، وزارت توانائی (پاور ڈویژن) نے پیر کے روز نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے کے-الیکٹرک کے کئی سالہ ٹیرف کے حالیہ فیصلے کا دفاع کیا، اور اس دعوے کو مسترد کر دیا کہ یہ اقدام کراچی کے صارفین کے لیے نقصان دہ ہے۔ حکومت نے کہا کہ درحقیقت یہ فیصلہ صارفین کو نااہلی سے پیدا ہونے والے اضافی اخراجات سے تحفظ فراہم کرتا ہے اور ٹیکس دہندگان کے پیسے کو نجی منافع کے طور پر ہتھیائے جانے سے روکتا ہے۔ وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کے ایک ترجمان نے ایک سخت بیان میں کہا کہ کچھ عناصر ایک مسخ شدہ تصویر پیش کر رہے ہیں، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ یہ فیصلہ کراچی کے عوام کے خلاف ہے۔ حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے۔ ترجمان نے نیپرا کے جائزے کو ’’ملک کے ریگولیٹری فریم ورک کے لیے ایک تاریخی سنگ میل‘‘ قرار دیا اور کہا کہ اس کے طویل المدتی مثبت اثرات بھی مرتب ہوں گے۔ وزارت نے کہا کہ کے الیکٹرک واجبات کی وصولی، لائن لاسز میں کمی، اور سروس کے معیار کے لحاظ سے سرکاری اداروں جیسے آئیسکو، فیسکو اور گیپکو سے پیچھے ہے، اور اب اسے صارفین پر اخراجات منتقل کرنے سے پہلے تمام غیر وصول شدہ بلوں کا جواز پیش کرنا ہوگا۔