کراچی (ٹی وی رپورٹ، نیوز ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف نےکہا ہےکہ پہلے دن اندازہ ہوگیا تھا کہ مذاکرات کا اختیار کابل حکومت کے پاس نہیں ہے، کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے انہوں نے بھارت کی پراکسی جنگ شروع کی ہے، جب معاہدے کے قریب پہنچتے طالبان کے کابل سے رابطہ کے بعد تعطل آجاتا، ان کا پتلی تماشا دہلی سے کنٹرول ہو رہا تھا، اسلام آباد کی طرف کسی نے نظر بھی اٹھائی تو ہم آنکھیں نکال دینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ دوسری جانب افغان طالبان نے دھمکی دی ہے کہ اگر بمباری ہوئی تو اسلام آباد کو نشانہ بنایا جائیگا، پاکستانی وفد پر استنبول مذاکرات سبوتاژ کرنیکی الزام تراشی کرتے ہوئے افغان سیکورٹی ذرائع نےکہاکہ کسی بھی پاکستانی حملے کا برابر جواب دینگے۔ افغان طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے خواجہ آصف نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جب معاہدے کے قریب پہنچتے تو انکے کابل سے رابطےکے بعد تعطل آجاتا، پانچ چھ بار معاہدہ ہوا ، جب وہ کابل فون پر رابطےکرتے پھر آکر لاچاری کا اظہار کرتے۔