کراچی (اسٹاف رپورٹر)ٹریفک حادثات میں 2افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا،تین نومولود سمیت 6 افراد کی لاشیں ملیں ،تفصیلات کے مطابق بلدیہ حب ریور روڈ مواچھ گوٹھ عالمگیر قبرستان کے قریب ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار ایک شخص جاں بحق اور 30سالہ نورو شدید زخمی ہوگیا، متوفی کی عمر 32برس کے قریب ہے تاہم فوری شناخت نہیں ہوسکی ،پولیس نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق حادثہ موٹر سائیکل سلپ ہونے سے پیش آیا ، بلدیہ داؤد گوٹھ بس اسٹاپ کے قریب ڈمپر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 25 سالہ مزمل ولد اظہر جاں بحق ہو گیا ، متوفی بلدیہ ٹاؤن کا رہائشی بتایا جاتا ہے،پولیس کے مطابق حادثے کے بعد ڈمپر ڈرائیور فرار ہو گیا جبکہ ڈمپرکو تحویل میں لے کر تھانے منتقل کردیا گیا ہے، علاوہ ازیں کورنگی مہران ٹاؤن کی کچرا کنڈی،محمود آباد چنیسر گوٹھ نزد کچرا کنڈی اور گارڈن پولیس اسپتال کے قریب کچر ا کنڈی سے ایک نومولود بچی اور دو بچوں کی لاشیں ملیں جنھیں پولیس نے سرکاری اسپتال اور بعدازاں سردخانے منتقل کردیا ،جبکہ سکھن تھانے کی حدود ریڑھی روڈ سے ایک شخص، گلستان جوہر کے علاقے بھٹائی آباد جبکہ لسبیلہ نزد شمیم کلاتھ مارکیٹ سے دو افراد کی لاشیں ملیں جنھیں اسپتال اور اسپتال بعدازاں سرد خانے منتقل کیا گیا،تینوں لاشوں کی شناخت اور وجہ موت کا فوری طور پر تعین نہیں ہو سکا ہے۔